مہر خبررساں ایجنسی نے المسیرہ ٹی وی چینل کے حوالے سے خبر دی ہے کہ صنعاء کے السبعین اسکوائر پر آج فلسطین کی حمایت میں لاکھوں یمنیوں نے غزہ کے مظلوم عوام اور ثابت قدم مزاحمت کی حمایت میں نعرے لگاتے ہوئے غاصب اسرائیل، امریکہ اور برطانیہ کے خلاف یمنی فوج کی کاروائیوں کی بھرپور حمایت کی۔
مظاہرین نے عرب اور مسلم ممالک سمیت عالمی براداری کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف احتجاجی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور یمن اور فلسطین کے جھنڈے لہراتے ہوئے شیطانی ٹرائیکا(امریکہ، اسرائیل اور برطانیہ) کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔
میلین مارچ کے شرکاء نے امریکہ، برطانیہ اور صیہونی رجیم کے خلاف فلسطین کی حمایت میں یمنی مسلح افواج کی کارروائیوں کی حمایت کرتے ہوئے فلسطین میں قتل عام پر عرب دنیا کی خاموشی اور بزدلانہ مؤقف پر بھی سخت تنقید کی۔
یمنی عوام کے میلین مارچ کے بیانئے میں امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے: ہم امریکہ اور برطانیہ سے کہتے ہیں کہ اب قوموں کو ڈرانے دھمکانے کا وقت گزر چکا ہے۔ ہم غزہ کی حمایت میں تمہاری جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے۔
مارچ کے شرکاء نے غزہ اور مغربی کنارے میں صیہونیوں کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں کی حمایت کرتے ہوئے عرب اور مسلم ممالک سے فلسطینی عوام کی مدد کرنے اور امریکہ و اسرائیل اور ان کی معاون کمپنیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔
آپ کا تبصرہ